کرائے کے مکان میں رہنے والے افراد جلد بوڑھے کیوں ہوتے ہیں؟ تحقیق میں حیران کن انکشاف
محققین کے مطابق رہائش کا عدم تحفظ، مالی دباؤ اور کرائے سے متعلق مشکلات جسم کی حیاتیاتی عمر پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔
کرائے کے مکان میں رہنے والے افراد کے لیے ایک اہم تحقیق سامنے آئی ہے جس میں رہائشی حالات اور جسم کی بڑھتی ہوئی حیاتیاتی عمر کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق نجی کرائے کے گھروں میں رہنے والے افراد میں حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار بعض دیگر رہائشی گروہوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھی گئی۔
محققین نے شرکا کے خون کے نمونوں میں ڈی این اے کی مخصوص کیمیائی تبدیلیوں کا جائزہ لیا، جن کی مدد سے جسم کی حیاتیاتی عمر کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
تحقیق میں سامنے آیا کہ رہائش کا عدم تحفظ، کرائے کی ادائیگی میں مشکلات اور مالی دباؤ جیسے عوامل صحت پر منفی اثرات سے منسلک ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مسلسل ذہنی دباؤ نیند، جسمانی صحت اور عمر بڑھنے کے حیاتیاتی عمل کو متاثر کرسکتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کرائے کے مکان میں رہنا براہِ راست تیزی سے بڑھاپے کا سبب بنتا ہے، بلکہ دونوں کے درمیان ایک تعلق سامنے آیا ہے۔
تحقیق میں محفوظ اور مناسب رہائش کو بہتر صحت کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔





