جینز کی جیبوں پر چھوٹے دھاتی بٹن کیوں لگائے جاتے ہیں؟ 150 سال پرانا راز سامنے آگیا
عام طور پر فیشن کا حصہ سمجھے جانے والے ان دھاتی بٹنوں کی اصل وجہ جینز کی مضبوطی سے جڑی ہے۔
جینز دنیا بھر میں مقبول ترین ملبوسات میں شمار ہوتی ہے، لیکن اس کی جیبوں کے کناروں پر لگے چھوٹے دھاتی بٹنوں کا اصل مقصد بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
یہ دھاتی ٹکڑے دراصل ’ریوٹس‘ کہلاتے ہیں، جنہیں جیبوں اور سلائی کے کمزور حصوں کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ بار بار استعمال سے کپڑا پھٹنے کا امکان کم ہو۔
اس ایجاد کی تاریخ 1870 کی دہائی سے جڑی ہے، جب امریکی درزی جیکب ڈیوس نے مزدوروں کی پتلونوں کو جلد پھٹنے سے بچانے کے لیے دھاتی ریوٹس استعمال کرنے کا طریقہ اپنایا۔
بعدازاں انہوں نے کاروباری شخصیت لیوی اسٹراس کے ساتھ مل کر 20 مئی 1873 کو اس ایجاد کا پیٹنٹ حاصل کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں پچھلی جیبوں پر لگے ریوٹس فرنیچر پر خراشیں ڈال دیتے تھے، جس کے باعث ان کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی۔
آج جدید سلائی کے طریقے دستیاب ہونے کے باوجود یہ چھوٹے دھاتی بٹن جینز کی مضبوطی اور روایتی شناخت کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔





