ریشماں کی آواز کا سحر برقرار، 13ویں برسی 3 نومبر کو منائی جائے گی
’’بلبلِ صحرا‘‘ نے لوک گائیکی میں منفرد پہچان بنائی، ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا
ویب ڈسک :معروف فوک گلوکارہ ریشماں کی 13ویں برسی 3 نومبر منگل کو منائی جائے گی۔ ماضی کی ’’کوئل‘‘ طویل عرصے سے گلے کے کینسر میں مبتلا تھیں اور وہ 3 نومبر 2013ء کو انتقال کر گئی تھیں۔
1947ء کو جنم لینے والی گلوکارہ ریشماں کا تعلق خانہ بدوشوں کے خاندان سے تھا جو تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوا۔ ریشماں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز محض 12 برس کی عمر میں ریڈیو پاکستان سے کیا۔ اپنے مقبول گیتوں سے انہوں نے منفرد شناخت حاصل کی۔
انتہائی غریب اور خانہ بدوش خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے ریشماں نے باقاعدہ تعلیم حاصل نہ کی تھی۔ وہ کم سنی میں ہی مختلف صوفیا کے مزاروں پر گنگنایا کرتی تھیں۔ عظیم صوفی بزرگ لال شہباز قلندر کے مزار پر گانے پر انہیں ریڈیو اور بعدازاں ٹی وی پر بھی گانے کا موقع ملا۔ ان کے گیتوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور وہ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی دعوت پر بھارت بھی گئیں۔ ان کے متعدد گیت بھارتی فلموں میں بھی شامل کیے گئے۔
سال 1980ء میں انہیں گلے کے کینسر کا انکشاف ہوا۔ سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے علاج معالجے کیلئے انہیں بھرپور امداد فراہم کی گئی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارۂ امتیاز اور ’’بلبلِ صحرا‘‘ کا خطاب عطا کیا گیا۔ ریشماں 3 نومبر 2013ء کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔





