گوادر حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے فورسز کی کارروائی کو سراہا

صوبائی وزرا اور رکن اسمبلی کی خواتین کو دہشت گردی میں استعمال کرنے کی مذمت، نوجوانوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے بچانے پر زور

گوادر حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے فورسز کی کارروائی کو سراہا

کوئٹہ: گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر بلوچستان کی سیاسی قیادت نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صوبائی وزرا اور سیاسی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو دہشت گردی میں شامل کرنا بلوچ قبائلی روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فتنہ الہندوستان بلوچ خواتین کو بے مقصد جنگ میں دھکیل رہا ہے۔

رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ عوام دہشت گردی کے پیچھے موجود ان عناصر کو پہچانیں جو صوبے کے امن اور لوگوں کی عزت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خواتین کو دہشت گردی میں استعمال کرنے کی حکمت عملی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنادیے۔

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت تعلیم ہے۔ بچوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیم پر توجہ دینا ضروری ہے۔

خبر شیئر کریں: