بلوچستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں، : وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
شمالی ڈیرہ بگٹی میں کھلی کچہری، عوامی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت، پنجاب سے متبادل سڑک کے لیے سروے کرانے کا بھی ذکر
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں کوئی نوگو ایریا نہیں اور ارکان اسمبلی باقاعدگی سے اپنے حلقوں میں عوامی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔
ہفتے کو شمالی ڈیرہ بگٹی کے دورے کے دوران کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں نوگو ایریاز نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات براہ راست حکومت تک پہنچانے کا موقع دینا اور متعلقہ محکموں کو جواب دہ بنانا ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی درخواستوں پر فوری کارروائی کریں اور مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہونے دیں۔
علاقائی ترقی کے حوالے سے سرفراز بگٹی نے کہا کہ پنجاب کے علاقے تونسہ کو بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ کے لیے وفاقی فنڈز جاری کرانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چھپر قومی شاہراہ کو کھرڑ بزدار سے ملانے والی سڑک کی تعمیر کے لیے سروے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ منصوبہ مکمل ہونے پر بلوچستان کو پنجاب تک آمدورفت کے لیے متبادل راستہ ملے گا۔





