گوادر میں سات دہشت گرد ہلاک، فورسز کی کارروائی قابلِ تحسین ہے: بابر یوسفزئی

بلوچستان میں امن، ترقی اور سرمایہ کاری کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی: معاون برائے داخلہ

گوادر میں سات دہشت گرد ہلاک، فورسز کی کارروائی قابلِ تحسین ہے: بابر یوسفزئی

کوئٹہ:معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے گوادر میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سکیورٹی اداروں کی بہادری، مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے اور ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ایک بڑے خطرے کا سدباب کیا گیا، جو قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے عوام کے عزم اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کو کمزور نہیں کر سکتے۔ فتنہ الہندوستان سے وابستہ عناصر بھی صوبے کے امن اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی اور تخریب کاری کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں ناکام بنائی جاتی رہیں گی۔ گوادر میں کامیاب کارروائی کے ذریعے امن دشمن عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور دہشت گرد عناصر عوام کی خواہشات کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔ صوبے کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی سرگرمیوں کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن دشمن عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

خبر شیئر کریں: