گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابلِ تحسین ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
بلوچستان میں امن و ترقی کا راستہ روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں سات دہشت گردوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی فورسز کی مستعدی، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشت گردوں کے تخریبی عزائم ناکام بنادیے، جس پر پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے عوام کو خوفزدہ کرنے والے عناصر اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کے روشن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور صوبے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے سفر کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





