اپوزیشن لیڈر بلوچستان یونس عزیز زہری کی ڈی آئی جی خضدار سے ملاقات، امن و امان پر گفتگو
اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی اور ڈی آئی جی عمران قریشی نے شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بہتری کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا
خضدار: بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رکن صوبائی اسمبلی خضدار میر یونس عزیز زہری نے ڈی آئی جی خضدار ریجن عمران قریشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس دوران خضدار میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے اور مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے جلد اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
میر یونس عزیز زہری نے عمران قریشی کو خضدار ریجن میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خضدار میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امن و امان کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں کے درمیان اتفاق کیا گیا کہ مجوزہ اجلاس میں امن و امان سے متعلق چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ حکام کی مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ اجلاس میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور ہوگا۔





