لسبیلہ میں بس اور وین کا خوفناک تصادم، 12 افراد جاں بحق، 22 زخمی
اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب حادثے کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، سات کی حالت تشویش ناک ہونے پر کراچی کے ٹراما سینٹر بھیج دیا گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں
لسبیلہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر بس اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی افراد نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایدھی لسبیلہ کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کے مطابق زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویش ناک ہے، جنہیں مزید علاج کے لیے کراچی کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
دنیا نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور پولیس نے آمدورفت بحال کرنے کے لیے کام شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت سے متعلق مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔





