گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مزید تین حملہ آوروں کا گھیراؤ کرلیا گیا، ایک الگ کارروائی میں ہوٹل میں موجود چار مشتبہ دہشت گرد بھی محاصرے میں آگئے۔

گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک
فائل فوٹو

گوادر: سیکیورٹی فورسز نے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات، 22 اکتوبر کو پیش آیا۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو کیمپ میں داخل ہونے سے روک دیا، جبکہ مزید تین دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

ایک الگ واقعے میں گوادر ہائی وے کے قریب واقع مقامی ہوٹل میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی پر بھی آپریشن کیا گیا۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق فورسز نے ہوٹل میں موجود چار مشتبہ دہشت گردوں کا محاصرہ کرلیا تھا۔ گوادر کے جنرل آفیسر کمانڈنگ موقع پر کارروائی کی نگرانی کررہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

خبر شیئر کریں: