پاکستانی فلم ’کالا پانی‘ ریلیز سے پہلے ہی 3 عالمی فلم فیسٹیولز تک پہنچ گئی
حرا مانی اور گوہر رشید کی فلم میں ایک قیدی کی کہانی، ایکشن، سسپنس اور بدلے کی جنگ دکھائی جائے گی
کراچی: پاکستانی فلم ’کالا پانی‘ نے سینما گھروں میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں جگہ بنالی ہے۔ سندھ فلمز ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے تیار ہونے والی اس فلم کو تین عالمی فلم فیسٹیولز میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
فلم ’کالا پانی‘ کو کانز فلم فیسٹیول، اسٹاک برج فلم فیسٹیول اور ساؤتھ فلم اینڈ آرٹ اکیڈمی فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا، جس کے ذریعے پاکستانی فلم کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر نعمان النبی ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری رانا کامران نے کی ہے۔ فلم میں مرزا گوہر رشید، حرا مانی، عمر عالم، سلیم معراج اور ثاقب سمیر سمیت کئی اداکار اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
’کالا پانی‘ کی کہانی ایک قیدی کے گرد گھومتی ہے، جس میں ڈرامے کے ساتھ ایکشن، سسپنس اور بدلے کی کہانی کو بھی نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ فلم میں مختلف کرداروں کے ذریعے کہانی کو آگے بڑھایا گیا ہے۔
فلم کے ہدایتکار رانا کامران نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’کالا پانی‘ میں کئی کردار موجود ہیں، لیکن ان کے نزدیک فلم کا نام اور اس کی دنیا بھی ایک الگ کردار کی طرح اہمیت رکھتے ہیں۔
رانا کامران کے مطابق فلم کی کہانی میں بدلے کا جذبہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں ایسے مناظر اور کہانی کے عناصر شامل کیے گئے ہیں جو نیٹ فلکس، پرائم ویڈیو اور دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر فلمیں اور سیریز دیکھنے والے ناظرین کو پسند آسکتے ہیں۔
ہدایتکار نے بتایا کہ ’کالا پانی‘ کو روایتی کمرشل فلم کے انداز میں نہیں بنایا گیا۔ ان کے مطابق فلم کی کہانی، کردار اور پیش کرنے کا انداز اسے عام تجارتی فلموں سے مختلف بناتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال مئی میں مکمل ہوئی تھی۔ اس کے مختلف مناظر کراچی کے مختلف علاقوں میں فلمائے گئے ہیں۔
فلم سازوں کا منصوبہ ’کالا پانی‘ کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کرنے کا ہے، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان سندھ فلمز کی جانب سے کیا جائے گا۔
رانا کامران کے مطابق فلم کی ریلیز کے لیے نومبر کا مہینہ زیادہ متوقع ہے، لیکن ابھی باضابطہ تاریخ سامنے نہیں آئی۔
رانا کامران اس سے پہلے بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کے کئی منصوبوں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ ’دیمک‘، ’نابالغ افراد‘، ’لوڈ ویڈنگ‘، ’وی آئی پی‘، ’جن محل‘ اور ’نامعلوم افراد‘ سمیت مختلف فلموں میں ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی (ڈی او پی) کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
اب ’کالا پانی‘ کے ذریعے وہ بطور ہدایتکار ایک ایسی کہانی پیش کررہے ہیں جس میں ایک قیدی کی زندگی، بدلے کا جذبہ اور سنسنی خیز واقعات کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔





