سلمان خان نے مداحوں کو بڑا سرپرائز دے دیا، چند گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے سبسکرائب کرلیا
بالی ووڈ سپر اسٹار نے اپنا نیا یوٹیوب چینل متعارف کرادیا، ابتدائی ویڈیوز میں اداکاری کے منفرد انداز بھی دکھائے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے مداحوں سے براہِ راست رابطے کے لیے اپنا نیا یوٹیوب چینل متعارف کرادیا، جسے ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی ہزاروں افراد نے سبسکرائب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 60 سالہ اداکار نے 9 اکتوبر کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل کا اعلان کیا۔
سلمان خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ابتدا سے شروع کرتے ہیں، یہ ان کا آفیشل یوٹیوب چینل ہے جہاں مداحوں کو اے سے زیڈ تک سب کچھ ملے گا۔
اداکار کے اعلان کے بعد چینل کو زبردست پذیرائی ملی اور صرف ایک گھنٹے میں 14 ہزار سے زائد افراد نے سبسکرائب کرلیا، جبکہ 11 گھنٹوں کے اندر یہ تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
ابتدائی طور پر چینل پر 10 مختصر ویڈیوز شیئر کی گئیں، جن میں سلمان خان مزاحیہ انداز میں اداکاری، باڈی لینگویج اور اپنے مخصوص فلمی انداز سے متعلق رہنمائی کرتے دکھائی دیے۔
تاہم اداکار نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل میں وہ اپنے چینل پر کس نوعیت کی ویڈیوز باقاعدگی سے جاری کریں گے۔





