جسمانی ساخت کا مذاق اڑانے والوں کو درفشاں سلیم کا دلچسپ جواب، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
ڈرامے کے ایک منظر پر تنقید اور مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصاویر کے بعد اداکارہ نے طنزیہ انداز میں اپنا ردعمل ظاہر کردیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے اپنے وزن اور جسمانی ساخت کا مذاق اڑانے والے سوشل میڈیا صارفین کو دلچسپ انداز میں جواب دے دیا۔
اداکارہ ان دنوں ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں اپنی اداکاری کے باعث توجہ حاصل کررہی ہیں، تاہم ڈرامے کی 21ویں قسط میں ان کا لباس سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔
ایک منظر میں درفشاں سلیم بغیر آستین کی شرٹ پہنے دکھائی دیں، جس کے بعد بعض صارفین نے ان کے بازوؤں اور کندھوں کی ساخت پر طنزیہ تبصرے شروع کردیے۔
معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب کچھ صارفین نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے اداکارہ کی تصاویر میں ان کے بازوؤں کے مسلز غیر معمولی طور پر بڑے دکھائے اور انہیں ریسلرز سے تشبیہ دینے لگے۔
مسلسل تنقید کے بعد درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر اپنے ایک اشتہار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا، ’آلویز فِٹ، اینڈ دیٹ اِز دی ٹوئٹ‘۔
اداکارہ کے اس مختصر ردعمل نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی اور ان کی جسمانی ساخت سے متعلق ہونے والی بحث ایک بار پھر خبروں میں آگئی۔





