آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی، ایران کا دعویٰ
ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جہاز مبینہ طور پر اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، متاثرہ ٹینکروں اور عملے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں
تہران: ایران کی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی حکام کے مطابق متاثرہ جہاز مبینہ طور پر اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور مقام کی نشاندہی کرنے والے نظام بند کر رکھے تھے اور خفیہ طور پر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کی۔
بیان کے مطابق دونوں جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں کی زد میں آئے اور ان میں آگ لگ گئی۔
تیسرے آئل ٹینکر کے بھی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ
ایران کی روایتی بحریہ نے الگ بیان میں دعویٰ کیا کہ ایک اور آئل ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع غیر محفوظ اور ممنوعہ قرار دیے گئے علاقے سے گزر رہا تھا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق اس جہاز کا ٹریکنگ اور شناختی نظام بھی بند تھا۔ تیسرا آئل ٹینکر بھی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، جس کے باعث اسے سفر روکنا پڑا۔
آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایرانی اجازت لازمی قرار
ایرانی حکام کے مطابق امریکا کے ساتھ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے تہران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے اپنی اجازت ضروری قرار دے رکھی ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ غیر مجاز طریقے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
تاہم ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ متاثرہ آئل ٹینکروں کے نام، ان پر موجود عملے کی صورتحال اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق بھی فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔





