ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی چین میں تاریخی ملاقات طے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

تینوں عالمی رہنما آئندہ ہفتے شینزن میں ملاقات کریں گے، جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران سمیت اہم عالمی امور پر بات چیت متوقع، یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ملاقات پر تحفظات کا اظہار کردیا

ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی چین میں تاریخی ملاقات طے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزن میں ایک مشترکہ ملاقات کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں رہنماؤں کی ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اپنے دورہ چین کے اختتام پر چینی اور روسی صدور کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔

امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ اس ملاقات میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کے معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ ایران سے متعلق امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

یوکرین اور ایران سمیت عالمی امور پر توجہ

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول، شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوسکتی ہے۔

تاہم امریکی حکام کے مطابق یوکرین جنگ اس سہ فریقی ملاقات کے باضابطہ ایجنڈے میں شامل نہیں، کیونکہ اس معاملے پر امریکا اور روس کے درمیان الگ سفارتی رابطے جاری ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ واشنگٹن کو اس ابتدائی ملاقات سے کسی بڑے معاہدے کی توقع نہیں، بلکہ اسے مستقبل میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق مذاکرات کے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ملاقات کو نئی یالٹا کانفرنس سے تشبیہ

تینوں عالمی رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کو 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یالٹا کانفرنس سے بھی جوڑا جارہا ہے، جس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے جنگ کے بعد عالمی سیاسی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی شینزن میں ہونے والی ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق تین بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کی ملاقات 21ویں صدی میں عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا سبب بن سکتی ہے۔

ٹرمپ کی شی جن پنگ سے الگ ملاقات بھی ہوگی

وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ سہ فریقی ملاقات سے قبل چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات اور ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

یہ ملاقات اے پی ای سی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوگی، جس میں خطے کے اہم اقتصادی اور تجارتی معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

تینوں رہنماؤں کی مجوزہ ملاقات کو عالمی سفارت کاری میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم اس کے عملی نتائج اور کسی ممکنہ معاہدے کے امکانات کے بارے میں امریکی حکام نے محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔

خبر شیئر کریں: