پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، ملزم کے گھر سے مزید 3 لاشیں برآمد

اولڈ ٹاؤن کے مصروف بازار میں مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم 15 افراد زخمی، حملہ آور پولیس مقابلے میں زخمی ہوکر گرفتار، دہشت گردی کے تحت تحقیقات شروع

پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، ملزم کے گھر سے مزید 3 لاشیں برآمد

کراکو: یورپی ملک پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور کم از کم 15 زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے حملہ آور کی رہائش گاہ سے مزید 3 افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق واقعہ ہفتے کی سہ پہر تقریباً 3 بجے کراکو کے مشہور تاریخی علاقے اولڈ ٹاؤن کے مرکزی بازار میں پیش آیا، جہاں مقامی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے گاڑی میں مختلف مقامات سے لوگوں پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق حملے میں 4 خواتین اور 2 مرد ہلاک ہوئے، جن میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں غیر ملکی شہریوں کے علاوہ 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیروِنسکی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور انتہائی دائیں بازو اور قوم پرستانہ نظریات سے متاثر تھا، تاہم حملے کے حتمی محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے ملزم کی گاڑی سے مزید اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی ہیں۔

ملزم کے گھر سے والدین اور بہن کی لاشیں برآمد

واقعے کے چند گھنٹے بعد پولیس نے کراکو سے تقریباً 150 کلومیٹر دور اوسٹرووِک شوینتوکرڑسکی میں ملزم کے گھر کی تلاشی لی، جہاں سے اس کے والد، والدہ اور بہن کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولینڈ کے حکام کے مطابق تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جبکہ ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان ہلاکتوں میں بھی یہی حملہ آور ملوث ہوسکتا ہے۔

واقعے کی دہشت گردی کے تحت تحقیقات

پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے کراکو میں پیش آنے والے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔

پولینڈ کے قومی استغاثہ کے دفتر نے بھی واقعے کی دہشت گردی کے تحت تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ملزم کے اہل خانہ کی ہلاکتوں کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

حملے کے بعد پولینڈ میں قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ کراکو شہر میں بھی متاثرین کی یاد میں سوگ منایا جارہا ہے۔

خبر شیئر کریں: