بھارت میں طلبہ کے بڑے احتجاج کا دعویٰ، مودی حکومت کی پالیسیوں پر سیاسی کشیدگی
جھارکھنڈ کے وزیر صحت عرفان انصاری کا 40 لاکھ طلبہ اور نوجوانوں کے احتجاج کا دعویٰ، بی جے پی نے بیان کو انتشار پھیلانے کی کوشش قرار دے دیا
جھارکھنڈ: بھارت میں نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں پر سیاسی اختلافات کے دوران ریاست جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً 40 لاکھ طلبہ اور نوجوان احتجاج کررہے ہیں، جو عوام میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا اظہار ہے۔
ڈاکٹر عرفان انصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوان حکومت کی پالیسیوں سے ناخوش ہیں اور اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کی جانب سے سیاسی لائحہ عمل کے منتظر ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوجوانوں کے علاوہ کسان، متوسط طبقہ، دلت، قبائلی برادریاں اور مسلمان بھی موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
جھارکھنڈ کے وزیر صحت نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی نے عوامی شکایات پر توجہ نہ دی تو ملک میں سیاسی اور سماجی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حالات قابو میں نہ رکھے گئے تو بھارت کو بنگلہ دیش اور نیپال جیسے سیاسی بحرانوں سے بھی زیادہ سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بی جے پی کا بیان پر سخت ردعمل
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ڈاکٹر عرفان انصاری کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے انتشار پھیلانے کی کوشش قرار دیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بھارت میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی اختلافات کے دوران نوجوانوں کے مسائل، روزگار، کسانوں کی مشکلات اور مختلف سماجی طبقات کے حقوق سے متعلق معاملات بھی زیر بحث ہیں۔
تاہم 40 لاکھ طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ بھارت میں خانہ جنگی یا بڑے پیمانے پر بدامنی شروع ہونے کی بھی کوئی مصدقہ اطلاع موجود نہیں۔
سیاسی بحران سے متعلق ڈاکٹر عرفان انصاری کے بیانات کو ان کے سیاسی مؤقف اور خدشات کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔





