ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ، غیر ملکی سیاح ہلاک

نیپال میں لینڈنگ کے دوران دونوں ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، حادثے میں ایک پائلٹ زخمی، امدادی کارروائیاں جاری

ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ، غیر ملکی سیاح ہلاک

کھٹمنڈو: نیپال کے مشہور سیاحتی مقام ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں دو ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہونے کے نتی

جے میں ایک غیر ملکی سیاح ہلاک جبکہ ایک پائلٹ زخمی ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ منگل کی صبح ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے فیرچے میں پیش آیا، جہاں دو ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔

حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹروں کا تعلق فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی سے تھا۔

حکام کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر فیرچے ہیلی پیڈ پر اترنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹر تباہ ہوگئے۔

حادثے کے وقت موقع پر موجود حکام نے بتایا کہ فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر میں سوار ایک غیر ملکی سیاح ہلاک ہوگیا، تاہم اس کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔

دوسری جانب ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر کے کپتان رابندرا پرجاپتی حادثے میں زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر کو کپتان پرجوال کے سی چلا رہے تھے، جبکہ ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر کی کمان کپتان رابندرا پرجاپتی کے پاس تھی۔

حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جبکہ سمریک ایئر کا ایک ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ فیرچے ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں واقع ہے، جہاں ہیلی کاپٹر سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی آمدورفت کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

خبر شیئر کریں: