اسرائیلی انتخابات میں اکثریت نہ ملنے پر نیتن یاہو کے عرب جماعتوں پر دھاندلی کے الزامات
اسرائیلی انتخابی کمیٹی نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے، منظم مداخلت کے شواہد نہیں ملے
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں نے پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد عرب سیاسی جماعتوں پر انتخابی دھاندلی اور غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات عائد کردیے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کا دعویٰ ہے کہ عرب سیاسی جماعتوں نے رشوت، غیر ملکی فنڈنگ اور انتخابی دھاندلی کے ذریعے نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے اتحادی حلقوں کی جانب سے تحقیقات، گرفتاریوں اور بعض صورتوں میں انتخابات منسوخ کرکے دوبارہ کرانے کے مطالبات بھی سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب نیتن یاہو کے اہم سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ نے انتخابی دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے انتخابی شکست کے بعد سامنے آئے ہیں۔
سی این این کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے عرب ووٹرز کو نشانہ بنانے کا معاملہ نیا نہیں۔ 2015 کے انتخابات کے دوران بھی انہوں نے پولنگ کے روز ایک ویڈیو جاری کرکے خبردار کیا تھا کہ عرب شہری بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکل رہے ہیں۔
ادھر اسرائیلی مرکزی انتخابی کمیٹی نے بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں منظم مداخلت کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔





