آبنائے ہرمز میں کشیدگی خطرناک موڑ پر، ایران کے اہم جزیرے پر امریکی حملے، متعدد دھماکے

کارروائی دفاعی نوعیت کی تھی، امریکی حکام؛ جزیرہ قشم میں 5 دھماکے ہوئے، ایرانی میڈیا، پاسدارانِ انقلاب کا مزید 2 امریکی ڈرونز قبضے میں لینے کا دعویٰ

آبنائے ہرمز میں کشیدگی خطرناک موڑ پر، ایران کے اہم جزیرے پر امریکی حملے، متعدد دھماکےAI Generated

تہران، واشنگٹن: امریکا نے آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے اہم جزیرے قشم پر تازہ حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ محدود فوجی کارروائی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ایک امریکی طیارے پر میزائل داغے جانے کے جواب میں کی گئی، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے جزیرے پر متعدد دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ جزیرہ قشم پر کی گئی کارروائی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہونے والے محدود اور خفیہ فوجی حملوں کا حصہ ہے، جن کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

امریکی حکام نے ان کارروائیوں کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش ایرانی خطرات کی صلاحیت کمزور کرنا اور امریکی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ایران نے جزیرہ قشم سے آبنائے ہرمز میں موجود امریکی طیارے پر میزائل داغا، جس کے جواب میں امریکی طیارے نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لانچر کو تباہ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے ایران کے خلاف ان حملوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ امریکی حکام کارروائیوں کو خفیہ رکھ کر انہیں کسی بڑے فوجی آپریشن کی صورت میں پیش ہونے سے روکنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق جزیرہ قشم میں پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ دھماکوں کی شدت کے باعث اہم مقامات کو نشانہ بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جزیرہ قشم عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کے دہانے پر واقع ہے۔ جزیرے میں ایران کی زیرِ زمین میزائل تنصیبات، بحری اڈہ اور پانی کو میٹھا بنانے کا مرکزی پلانٹ بھی موجود ہے۔

دریں اثنا ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جزیرہ قشم کے جنوب میں مزید دو امریکی جاسوس ڈرونز قبضے میں لے لیے ہیں، جس کے بعد اس ماڈل کے قبضے میں لیے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد چار ہوگئی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق اس کے ایرو اسپیس ڈویژن نے جدید الیکٹرانک وارفیئر نظام کی مدد سے ان ڈرونز کو زمین پر اتارا۔

آئی آر جی سی نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے کی فضائی حدود میں امریکی فوج کے ایک جدید MQ-9 ڈرون کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی ایران کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے تحت کام کرنے والی ایرو اسپیس فورس کے ایک نئے دفاعی نظام نے انجام دی۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس میں آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں امریکی MQ-9 ڈرون کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی افواج ایک بار پھر ڈرونز کے استعمال کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

خبر شیئر کریں: