ایران کی جوہری تنصیبات کو 10 منٹ میں نشانہ بنا سکتے ہیں، ٹرمپ کی دھمکی

مذاکرات درست سمت میں جاری ہیں، معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے، امریکی صدر

ایران کی جوہری تنصیبات کو 10 منٹ میں نشانہ بنا سکتے ہیں، ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایران کی باقی ماندہ ایک یا دو جوہری تنصیبات کو صرف 10 منٹ میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ایران کے ساتھ مذاکرات پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بات چیت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور تہران معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم امریکا کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے ایرانی قیادت پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تہران سمجھوتے کے بعد اپنی یقین دہانیوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔ ان کے مطابق اب یہ دیکھنا ہوگا کہ مذاکرات کسی معاہدے تک پہنچتے ہیں یا نہیں۔

ایران پر نئے حملوں کے سوال پر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں میں اس کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاع اور متعدد جوہری مراکز کو پہلے ہی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی تنصیبات کے خلاف بھی امریکی فوج مختصر وقت میں کارروائی کرسکتی ہے۔

خبر شیئر کریں: