اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک بنے گا، سعودی سرمایہ کاروں سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سعودی سرمایہ کار منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کریں گے، سی ڈی اے زمین دے گا؛ محسن نقوی کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تھیم پارک کی تعمیر کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔ منصوبے کے لیے سرمایہ کاری سعودی سرمایہ کار کریں گے، جبکہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) زمین فراہم کرے گی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔
مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ تقریب میں سعودی وفد کے ارکان اور سی ڈی اے کے ممبران بھی شریک تھے۔
محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کو جدید شہروں کی طرز پر بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے تھیم پارک کو اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے متعلق روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔





