ٹنڈوآدم میں خوفناک حادثہ، بس اور کار کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق

جھول روڈ پر حادثے میں 3 افراد شدید زخمی، بس ڈرائیور فرار؛ وزیراعلیٰ سندھ کی زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت

ٹنڈوآدم میں خوفناک حادثہ، بس اور کار کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحقAI Generated

ٹنڈوآدم: جھول روڈ پر مسافر بس اور کار کے درمیان خوفناک تصادم میں ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کراچی سے سانگھڑ جانے والی بس کی سعیدآباد جانے والی کار سے ٹکر ہوئی۔ حادثے میں کار سوار 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی خاتون حیدرآباد منتقلی کے دوران دم توڑ گئیں۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، جن کا تعلق مٹیاری سے تھا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس کارروائی کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔

انہوں نے شہریوں اور ڈرائیوروں سے ٹریفک قوانین کی پابندی اور تیز رفتاری سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

خبر شیئر کریں: