بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ لاہور آنے کے خواہش مند، کیا بھارت کی حکومت اجازت دے گی؟

لاہور میں پنجابی کانفرنس کی دعوت ملنے پر شرکت کی خواہش، کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کا بھی مطالبہ

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ لاہور آنے کے خواہش مند، کیا بھارت کی حکومت اجازت دے گی؟

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے لاہور میں ہونے والی چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم دورے کے لیے بھارتی حکومت کی اجازت ملنے پر سوال اٹھایا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پنجابی شاعر بابا نجمی نے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ کانفرنس 27 سے 29 نومبر تک لاہور میں ہوگی۔

بھگونت مان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فرانس یا جاپان جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی، تو پاکستان کیسے جانے دیا جائے گا؟

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں کیونکہ سرحد کے دونوں جانب لوگوں کی جڑیں مشترک اور مسائل بھی ملتے جلتے ہیں۔ مشترکہ ثقافت رکھنے والے لوگوں کے درمیان میل جول ہونا چاہیے۔

اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے بھی ان کی خواہش کی حمایت کی اور کہا کہ اگر دورے کی اجازت مل جائے تو وہ اسمبلی کے دیگر ارکان کو بھی ساتھ لے کر جائیں۔

بھگونت مان نے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یہ راہداری بھارتی پنجاب کے ڈیرہ بابا نانک کو پاکستان میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور سے ملاتی ہے۔ بھارتی حکام نے مئی 2025 میں اسے بند کردیا تھا۔

خبر شیئر کریں: