نائب وزیرا عظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک اور سرمایہ کاری پر گفتگو
دونوں ممالک کے تعاون میں پیش رفت پر اطمینان، علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں جانب سے سی پیک، علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، عوامی روابط بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے مشترکہ مستقبل کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق علاقائی صورتحال پر گفتگو کے دوران پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔





