فالس فلیگ آپریشن بھارت کی روایت، پاکستان جواب دینے کو تیار ہے: دفتر خارجہ
مکہ دفاعی معاہدے میں کوئی خفیہ شق نہیں، پاکستان اور سعودی عرب نے توثیق کے مراحل مکمل کرلیے، ترجمان سجاد حیدر خان
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ملکی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت پر فالس فلیگ آپریشن کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کی پرانی روایت رہی ہے، تاہم پاکستان ایسی کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ترجمان نے واضح کیا کہ معاہدے میں کوئی خفیہ شق شامل نہیں۔ جو مسودہ منظرعام پر آچکا ہے، وہی حتمی ہے اور پاکستان اسے تسلیم کرتا ہے۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب معاہدے کی توثیق کے تمام مراحل مکمل کرچکے ہیں، جبکہ ترکیہ میں پارلیمانی اور قانونی طریقہ کار کے تحت توثیق کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی منظوری اور توثیق کے لیے ہر ملک کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ ترجمان نے مزید واضح کیا کہ مکہ معاہدے کی شقیں کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں، بلکہ مشترکہ دفاعی تعاون کے لیے ہیں۔





