لاہور کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کے لیے کمپیوٹرائزڈ سگنل سسٹم نصب
21 اکتوبر سے آزمائشی آپریشن شروع، لاہور کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر بھی آئندہ چند ماہ میں نیا نظام لگایا جائے گا
لاہور: لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ سگنل سسٹم نصب کردیا گیا ہے۔ تنصیب اور جانچ کے بعد 21 اکتوبر کو آزمائشی آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران مختلف ٹرینیں بحفاظت گزریں۔
ریلوے لاہور ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ انعام اللہ خان کے مطابق پرانے دستی کانٹا نظام کی تبدیلی شاہدرہ اسٹیشن سے شروع ہوئی تھی۔ بعد میں رائیونڈ اور اوکاڑہ کینٹ سمیت دیگر اسٹیشنوں پر بھی یہ سہولت فراہم کی گئی۔ لاہور کے مرکزی اسٹیشن پر آئندہ چند ماہ میں یہی نظام نصب کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کینٹ اسٹیشن پر پٹریوں اور راستوں کی پیچیدہ ترتیب کے باعث نئے نظام کی تنصیب ترجیح تھی۔
اس نظام کے ذریعے سگنلز اور پٹریوں کے کانٹے کمپیوٹر سے کنٹرول کیے جاتے ہیں۔ ٹرین کو آگے جانے کی اجازت دینے سے پہلے راستے کی دستیابی اور کانٹوں کی درست پوزیشن جانچی جاتی ہے، تاکہ متضاد راستوں پر ٹرینوں کی آمدورفت روکی جاسکے۔
خرابی کی صورت میں نظام سگنلز کو محدود حالت میں رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ حادثات کا خطرہ کم ہو۔ اس میں آپریشن اور متعلقہ عملے کی سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی محفوظ ہوتا ہے۔





