عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کو مکمل شکست دیں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں سیکیورٹی صورتحال اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ، فورسز کو ہر وقت چوکس اور عملی طور پر تیار رہنے کی ہدایت

عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کو مکمل شکست دیں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
فوٹو: آئی ایس پی آر

پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر، کے مطابق انہوں نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی عملی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ درجے کی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔

دورے کے دوران انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے پاکستانی عوام، شہدا اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

خبر شیئر کریں: