بلتستان روڈ پر پہاڑی تودے گرنے سے ہزاروں مسافر پھنس گئے

شنگوس کے قریب راستہ بند، بڑی چٹانیں ہٹانے کے لیے بلاسٹنگ ٹیم طلب، مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

بلتستان روڈ پر پہاڑی تودے گرنے سے ہزاروں مسافر پھنس گئے

گلگت: سکردو کی روندو وادی میں شنگوس کے قریب پہاڑی تودے گرنے سے بلتستان روڈ بند ہوگئی، جس کے باعث سیاحوں سمیت ہزاروں مسافر سڑک کے دونوں طرف پھنس گئے۔

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جمعرات کی صبح پیش آنے والے واقعے کے بعد ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔ متاثرہ مقام پر ملبہ گرنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سڑک پر موجود بڑی چٹانیں مشینری سے ہٹانا ممکن نہیں اور انہیں توڑنے کے لیے بلاسٹنگ کی ضرورت ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ملبہ صاف کرنے کے لیے بلاسٹنگ ٹیم طلب کررہی ہے۔ جمعہ تک سڑک بند رہنے کی اطلاع دیتے ہوئے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا۔

مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ مزید تودے گرنے کے خطرے کے باعث متاثرہ حصے کو پیدل عبور کرنے کی کوشش بھی نہ کریں۔ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے پولیس ہیلپ لائن 15 سے سڑک کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

167 کلومیٹر طویل جگلوٹ سے سکردو جانے والی اس سڑک کو بلتستان روڈ کہا جاتا ہے۔ سکردو، کھرمنگ، شگر اور گانچھے کے رہائشی دیگر علاقوں تک آمدورفت کے لیے اس راستے پر انحصار کرتے ہیں۔

مقامی رہائشیوں نے بار بار تودے گرنے اور حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سڑک پر حفاظتی رکاوٹیں، انتباہی بورڈ اور دیگر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر شیئر کریں: