سد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، سنگجانی کیس میں عبوری ضمانت منظور
انسداد دہشت گردی عدالت نے 7 نومبر تک گرفتاری سے روک دیا، حکومت کو نوٹس جاری کرکے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
اسلام آباد: دو الگ عدالتی کارروائیوں میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے گئے، جبکہ سنگجانی احتجاج کیس میں انہیں 7 نومبر تک عبوری ضمانت مل گئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ پیش ہوئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے ان کی حاضری پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
عدالت نے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق مقدمے میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ اس مقدمے کا ٹرائل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی احتجاج کیس میں اسد قیصر کی عبوری ضمانت 7 نومبر تک منظور کرلی۔ جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے اسد قیصر کو اس مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا اور حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ مزید سماعت 7 نومبر کو ہوگی۔
اس سے قبل عدالت میں پیش نہ ہونے پر اسد قیصر کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔





