استنبول میں سات ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، اسحاق ڈار شرکت کریں گے

پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے اجلاس کے بعد برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ بھی مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

استنبول میں سات ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، اسحاق ڈار شرکت کریں گے
فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار وزرائے خارجہ کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے استنبول روانہ ہوگئے ہیں۔ ان اجلاسوں میں خطے کی صورتحال، مشترکہ مسائل اور امن کے لیے سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوگی۔

اسحاق ڈار پہلے پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور گروپ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس کے بعد چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس کریں گے۔

یہ سات ممالک کی اس طرز پر پہلی مشترکہ ملاقات ہوگی، جس کا اہتمام ترکیہ نے کیا ہے۔ اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی دعوت پر اجلاسوں میں شرکت کررہے ہیں۔

ترک سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں فلسطین، آبنائے ہرمز کی صورتحال، یمن میں پیش رفت اور روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر گفتگو متوقع ہے۔ علاقائی اور یورپی ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اجلاسوں میں مشترکہ مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور علاقائی امن و استحکام کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

خبر شیئر کریں: