تحریک انصاف کا 10 روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
مولانا فضل الرحمان سمیت سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع، سلمان اکرم راجہ نے لانگ مارچ کا اعلان برقرار رکھنے کی تصدیق کردی۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے آئندہ 10 روز کے اندر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطے شروع کردیے گئے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ کرنے کا اعلان بدستور برقرار ہے۔
انہوں نے حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور اسپیکر کی گمشدگی اور ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں سے متعلق الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات ملک کی جمہوری صورتحال کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو بانی تحریک انصاف عمران خان نے قائد حزب اختلاف نامزد کیا ہے۔
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بات چیت کو جان بوجھ کر ناکام بنایا گیا۔
تاحال آل پارٹیز کانفرنس کی حتمی تاریخ، مقام اور شریک جماعتوں کی مکمل فہرست کا اعلان سامنے نہیں آیا۔





