وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خفیہ کیمروں والے اسمارٹ چشموں اور جاسوسی آلات پر پابندی سختی سے نافذ کرنے کا حکم

پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت 30 روز کے لیے پابندی نافذ، خفیہ ریکارڈنگ والے آلات کے استعمال اور فروخت پر قانونی کارروائی کی ہدایت۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خفیہ کیمروں والے اسمارٹ چشموں اور جاسوسی آلات پر پابندی سختی سے نافذ کرنے کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں خفیہ کیمروں سے لیس اسمارٹ چشموں اور دیگر جاسوسی آلات پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ایسے اسمارٹ چشموں اور روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپائے گئے کیمروں کے استعمال اور فروخت پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی ہے۔ یہ پابندی 20 اکتوبر سے فوری طور پر نافذ کی گئی تھی۔

پابندی کے تحت خفیہ ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھنے والے چشموں کے علاوہ قلم، کی چین اور دیگر اشیا کی شکل میں موجود چھوٹے کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا۔ دکانداروں، تھوک فروشوں اور تقسیم کاروں کو بھی ایسے آلات آن لائن یا دکانوں پر فروخت کرنے سے روکا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ کیمروں کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں، خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کے پیش نظر پابندی ضروری سمجھی گئی۔

سرکاری حکم نامے کے مطابق موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی سے منظور شدہ متعلقہ آلات اس پابندی میں شامل نہیں ہیں، جبکہ مجاز قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پابندی 30 روز تک مؤثر رہے گی، تاہم حکومت اسے مقررہ مدت سے پہلے بھی واپس لے سکتی ہے۔

خبر شیئر کریں: