پاکستان کے 4 بڑے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی نظام بدلنے کی تیاری، 12 ارب روپے کا منصوبہ

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر جدید اسکینرز اور سیکیورٹی آلات نصب کیے جائیں گے

پاکستان کے 4 بڑے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی نظام بدلنے کی تیاری، 12 ارب روپے کا منصوبہ

پاکستان کے چار بڑے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کا نظام جدید بنانے کے لیے 12 ارب روپے کا منصوبہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت مسافروں، سامان، گاڑیوں اور کارگو کی جانچ کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

منصوبے کا مقصد پاکستان کے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی انتظامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ پہلے مرحلے میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے ایئرپورٹس کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چاروں ایئرپورٹس پر جدید سیکیورٹی آلات نصب کیے جائیں گے، جن میں مسافروں کے دستی سامان اور جہاز میں رکھے جانے والے بڑے سامان کی جانچ کے لیے سی ٹی اسکینرز بھی شامل ہیں۔

ان جدید اسکینرز کی مدد سے مسافروں کے سامان کی زیادہ مؤثر طریقے سے جانچ کی جاسکے گی، جس سے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

منصوبے کے تحت مسافروں کی جسمانی جانچ کے لیے فل باڈی اسکینرز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی چیکنگ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جاسکے۔

اس کے علاوہ ایئرپورٹس پر آنے والی گاڑیوں اور کارگو کی جانچ کے لیے بھی جدید اسکیننگ سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔

جدید سیکیورٹی آلات کے ساتھ ایوی ایشن سیکیورٹی سے متعلق مواصلاتی آلات بھی خریدے جائیں گے، تاکہ سیکیورٹی کے مختلف شعبوں کے درمیان رابطے اور کام کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی اسکیننگ ٹیکنالوجی کی تنصیب سے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی، جبکہ جدید آلات مسافروں کی سہولت اور ایئرپورٹس پر روزمرہ کام کی رفتار بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

خبر شیئر کریں: