پشاور اسکول سانحے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت
حکومت نے دو رکنی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے سات روز دے دیے
پشاور: دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے دو رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ چیف سیکریٹری کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ زبیر احمد کمیٹی کے سربراہ جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے چیف انجینئر جمشید علی خان رکن ہوں گے۔ کمیٹی حادثے کے اسباب، عمارت کے ساختی معیار اور تعمیر میں ممکنہ خامیوں کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی کو غفلت سامنے آنے کی صورت میں قانونی اور انتظامی کارروائی کی سفارش کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ پولیس نے اسکول کی عمارت سیل کرکے مالک کو گرفتار کیا ہے۔
حادثے میں جانی نقصان اور متعدد بچوں کے زخمی ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معائنے کا معاملہ بھی حکومتی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔





