پنجاب میں انتہاپسندی کے تدارک کے لیے 50 کروڑ روپے کا فنڈ
صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی آگاہی اور تحقیق سے متعلق مرکز کے لیے ابتدائی سرمایہ فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
پنجاب حکومت نے پرتشدد انتہاپسندی کے تدارک کے لیے قائم مرکز کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی غرض سے 50 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ منظور کرلیا ہے۔ فیصلہ مرکز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں نوجوانوں کے اختراعی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق صوبے کی 51 جامعات سے 154 منصوبے موصول ہوئے، جن میں سے 50 کو آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا۔
کامیاب طلبہ کے منصوبوں میں ڈی این اے ٹیسٹ کی لاگت کم کرنے، سرطان کی تشخیص اور علاج میں بہتری اور بچوں کے موبائل فون پر نامناسب مواد روکنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہے۔ حکام نے ان منصوبوں کو متعلقہ اداروں کے تعاون سے آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔





