فرانس میں دوبارہ مظاہروں کی تیاری، 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا اعلان

گزشتہ ہفتے کے پُرتشدد واقعات کے بعد سکیورٹی سخت، پیرس میں لوور سمیت بڑے عجائب گھر بند رکھنے کا فیصلہ

فرانس میں دوبارہ مظاہروں کی تیاری، 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا اعلان

پیرس: فرانس نے ہفتے کو متوقع نئے مظاہروں کے پیش نظر ملک بھر میں تقریباً 70 ہزار پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے احتجاج کے دوران آتش زنی، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے بعد کئی شہروں میں پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔

وزیر داخلہ لوراں نونیز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تشدد اور لوٹ مار کی اپیلیں گردش کررہی ہیں۔ تعیناتی میں خصوصی پولیس یونٹس، بکتر بند گاڑیاں اور واٹر کینن بھی شامل ہوں گے۔

احتجاج تعلیمی حالات کے خلاف طلبہ کی تحریک سے شروع ہوا، جس میں بڑھتے اخراجاتِ زندگی سے ناراض دیگر طبقے بھی شامل ہوگئے۔ جمعے کو صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے بعد طلبہ نمائندوں نے ٹھوس تجاویز آنے تک احتجاج جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیر انصاف کے مطابق گزشتہ ہفتے کے واقعات پر 217 افراد کو جیل بھیجا جاچکا ہے۔ پیرس میں احتجاجی مارچ کا راستہ تبدیل کیا گیا، جبکہ مارسیے میں ایک یونین کے مظاہرے کی اجازت دی گئی ہے۔

لوور سمیت بڑے عجائب گھر بند رہیں گے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے پُرامن احتجاج کے حق کو خطرہ قرار دیا ہے۔

خبر شیئر کریں: