سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ پر حملہ، بھارتی شہری سمیت 2 افراد ہلاک
حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے، بھارتی سفارت خانے نے اپنے ایک شہری کی ہلاکت اور 2 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی، ایئرپورٹ پر پروازیں بحال۔
ریاض: سعودی عرب کے شہر دمام میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری سمیت 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق حملہ بدھ 21 اکتوبر کی شام ہوا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک سعودی شہری اور ایک بھارتی باشندہ شامل ہیں۔
سعودی حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک سعودی شہری، 2 بھارتی، 2 یمنی، 2 بنگلہ دیشی اور ایک نیپالی باشندہ شامل ہے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
بھارتی سفارت خانے نے جمعرات کو تصدیق کی کہ حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔ سفارت خانے کے مطابق متاثرہ افراد کی مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور ان کے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں جاری ہیں۔
سعودی شہری ہوا بازی کے ادارے نے بتایا کہ حملے سے ایئرپورٹ کو مادی نقصان بھی پہنچا، جس کا متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے جائزہ لیا جارہا ہے۔
تازہ پیش رفت کے مطابق دمام ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے اور پروازوں کی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔
سعودی حکام نے اس حملے کے ذمہ داروں کی باضابطہ شناخت نہیں کی ہے۔





