غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 4 فلسطینی شہید

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 فلسطینی زخمی، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے شہادتوں کی تعداد 1505 ہوگئی

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 4 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 فلسطینی شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور متعدد افراد زخمی ہو رہے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 1505 فلسطینی شہید اور 5332 زخمی ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 74 ہزار 396 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب خان یونس میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 2 فلسطینیوں کی شہادت کی بھی اطلاع سامنے آئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے علاقے میں ہونے والے حملے میں دونوں افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1400 فلسطینیوں کی شہادت کا ایک اور اعدادوشمار بھی جاری کیا گیا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور امدادی مراکز کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ بدھ کے روز اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ میں امدادی تنصیبات متاثر ہوئی تھیں۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں سے وابستہ کارکنوں اور تنصیبات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

خبر شیئر کریں: