ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، متعدد افراد زخمی، فضائی آپریشن معطل

سعودی حکام نے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی تصدیق کردی، درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات، پانچ کی حالت تشویشناک۔

ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، متعدد افراد زخمی، فضائی آپریشن معطل

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ حکام نے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کی حتمی تعداد معلوم کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق نقصانات کا جائزہ لینے اور ہوائی اڈے کی تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے تک فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

طبی ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر سعودی شہری شامل ہیں۔ کم از کم پانچ زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہوائی اڈے پر زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد مسافروں کو عمارت کے مختلف حصوں سے باہر نکالا گیا۔ واقعے کے بعد ایمبولینسیں بھی ہوائی اڈے کی جانب روانہ ہوئیں۔

ایک سفارتی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثیوں نے ریاض ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا، تاہم اس مخصوص حملے کی ذمہ داری سے متعلق سعودی حکام کی جانب سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر متعدد فضائی کمپنیوں نے ریاض آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ یا معطل کردی ہیں۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی صورتحال معلوم کریں۔

خبر شیئر کریں: